بنگلورو۔22؍جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) تالابوں پر غیر مجازی قبضہ جات کا جائزہ لینے لیجسلیچر کمیٹی کے چیرمین کے بی کولیواڈ نے ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق محفوظ زون کسی بھی عمارت کی تعمیر کیلئے اجازت نہ دی جائے ۔ ودھان سودھا میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ جن محفوظ مقامات پر تعمیری کام چل رہے ہیں انہیں فوری طور پر روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ کئی مقامات پر یہ شکایات مل رہی ہیں کہ بفر زون میں تعمیری کام چل رہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ فوری طور پر انہیں روکنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ اور بفر زون میں نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے موقع فراہم نہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایاکہ ارکیرے اور ہولی ماؤ میں تالاب پر قبضہ کرتے ہوئے معروف بلڈرس کے ذریعہ 34 رہائشی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اور یہ عمارتیں بفر زون میں تعمیر کی گئی ہیں ، ایسے میں مکانات کی تقسیم پر روک لگانے کیلئے نوٹس جاری کی گئی ہے۔مسٹر کولیواڈ نے بتایاکہ لیجسلیچر کمیٹی کی سخت ہدایات کے باوجود قانون کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے پیش نظر تالابوں پر قبضہ کرتے ہوئے تعمیر شدہ عمارتوں کو مسمار کرنے کے اقدامات جاری کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ 25جون کو لیجسلیچر کمیٹی کا اجلاس طلب کیاگیا ہے ۔ اگر 4جولائی کو اسپیکر کے عہدہ کیلئے انتخابات منعقد ہوئے تو تب سے وہ بطور اسپیکر خدمات انجام دیں گے۔ اسی طرح وہ لیجسلیچر کمیٹی کے صدر بھی برقرار رہیں گے تاکہ اس خصوص میں ایک تاریخی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔ کابینہ میں ردوبدل سے متعلق وزیر اعلیٰ کے رویہ اور برہم سابق وزیر امبریش کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ عوام تمام باتوں سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ایسے میں وہ ردعمل ظاہر نہیں کریں گے، اور بتایا کہ اس معاملے پر کابینہ سے بے دخل ہونے والے کمنے رتنا کر کا رویہ سب کیلئے مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔